پشاور(ایچ آراین ڈبلیو) فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے زیر اہتمام تاریخی قلعہ بالاحصار میں ’’فیوچر یوتھ لیڈرز کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبے کے مختلف علاقوں سے 500 سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
شرکاء میں باجوڑ، خیبر، مہمند، چترال، صوابی اور شانگلہ کے نوجوان نمایاں تھے۔ تقریب میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (کے پی نارتھ) میجر جنرل راؤ عمران سرتاج نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آئی جی ایف سی نے نوجوانوں سے براہِ راست خطاب میں کہا، “نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، ان کی آوازیں امن اور ترقی کی بنیاد ہیں۔” انہوں نے سیکورٹی امور پر تفصیلی روشنی ڈالی اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔
کانفرنس کے دوران سوال و جواب کے خصوصی سیشن میں طلبہ و طالبات کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے گئے۔ شرکاء نے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہر محاذ پر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
شرکاء نے اس نوعیت کی مزید تعلیمی و شعوری سرگرمیوں کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا، جس سے نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتیں پروان چڑھ سکیں۔


