بیروت(ایچ آراین ڈبلیو)اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیاں جاری ہیں، اور وادی بقاع میں ڈرون حملے کے دوران حزب اللہ کے 2 ارکان کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔علاقائی ذرائع کے مطابق جنوبی لبنان کے قصبے ال خیام سمیت مختلف علاقوں میں شدید بمباری اور توپ خانے کے استعمال کی اطلاعات ہیں۔ کارروائیوں کے دوران رہائشی عمارتوں کو بلڈوزر سے مسمار کیا گیا جبکہ بعض مقامات پر مساجد کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فورسز ضلع طائر سمیت مختلف علاقوں میں سڑکوں اور بنیادی انفرااسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی فوجی گاڑی کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ کارروائی اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی ہے۔
خطے میں کشیدگی میں اضافے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔


