کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)متحدہ علماء محاذ پاکستان کےزیراہتمام خلیفہ دوئم،خسررسولۖ ، داماد علی، مراد پیغمبر،فاتح شام و بیت المقدس و قیصر وکسریٰ،شہید محراب ومنبررسولۖ فاروق اعظم سیدناعمرابن خطاب کایوم شہادت جمعہ یکم محرم الحرام کوعقیدت واحترام کےساتھ منایاجائیگا۔ محاذ میں شامل مختلف مکاتب فکر کے 300سے زائد جید علماء مشائخ، علماء ،خطباء ، آئمہ مساجد ، دینی اداروں کے سربراہان قرآن و سنت کی روشنی میں اجتماعات جمعہ میں سیدنا فاروق اعظم کی سیرت و کردار اور تاریخی عظیم الشان فتوحات و خدمات کے حوالے سے اظہار خیال کریںگے۔ اس فیصلے کا اعلان متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سربراہ مولانا محمدامین انصاری ،مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی ،شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود ، علامہ منظرالحق تھانوی،علامہ خواجہ احمد الرحمن یار خان، مفتی وجیہہ الدین ، علامہ عبدالماجد فاروقی ، علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی ، مفسرقرآن علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، مفتی اسدالحق چترالی،مفتی محمد ابراہیم چترالی دیگر علماء مشائخ نے نیو مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں محرم میں قیام امن اور مذہبی ہم آہنگی کیلئے بنائی گئی 9رکنی محرم امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کیا۔علماء نے کہا کہ خلفائے راشدین و اہل بیت اطہار کی سیرت و افکار کو اجاگر اور اس پر عمل کرنا ایمان کا بنیادی تقاضہ ہے۔ مراد رسولۖ سیدنا فاروق اعظم کی شان اقدس میں کسی قسم کی گستاخیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔ گستاخان اصحاب رسولۖ و اہل بیت اطہارکا ہر سطح پر علمی و قانونی محاسبہ کیاجائے گا۔ حکومت سندھ اصحاب رسولۖ کی شان میں گستاخیوں اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے والوں کے خلاف غیر جانبدارانہ منصفانہ کارروائی عمل میں لانے کیلئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنائے ۔اصحاب رسولۖ و اہل بیت اطہار کی ناموس و عظمت کا تحفظ و تقدس ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔


