متحدہ علماء محاذ جمعہ کو بھارتی جارحیت کے خلاف کراچی میں یوم احتجاج منائے گی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے نیو مرکزی سیکریٹریٹ میں پاکستان پر بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاجی اجلاس میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری، مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی،صوبائی صدر شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود، صوبائی رہنما مولانا قاری محمد اقبال رحیمی،علامہ عبدالماجد فاروقی، صاحبزادہ حافظ عبدالمجید ودیگر نے پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وطن عزیز کے دفاع و تحفظ اور بھارتی جارحیت کے خلاف علماء مشائخ سمیت پوری قوم بلاامتیاز رنگ و مسلک افواج پاکستان کے شانہ بشانہ اور ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں شہید و زخمی ہونے والوں اور ان کے لواحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سراہا ۔ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک بھارتی جارحیت کے خلاف بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور بھارت سے سفارتی تعلقات ختم کریں ۔مودی حکومت نے پاکستان کے شہری علاقوں پر بلاجواز بمباری کرکے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ بدترین دہشت گردی کے ناقابل تلافی جرم عظیم کا ارتکاب کیاہے۔متحدہ علماء محاذ جمعہ کو بھارتی جارحیت کے خلاف کراچی میں یوم احتجاج منائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں