آج کے دور کے بڑے بڑے مسائل جن کی وجہ سے ہمارا معاشرہ غلط رستے پر چلتا چلا جارہا ہے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہاہے کہ آج کے دور کے بڑے بڑے مسائل جن کی وجہ سے ہمارا معاشرہ غلط رستے پر چلتا چلا جارہا ہے ان میں ایک بڑا مسئلہ دینی کتابیں نہ پڑھنا بھی ہے، ہمارے بزرگوں کا انداز کیسا پیارا تھا، یہ بلندرتبہ حضرات ساری دنیا سے کٹ کر دینی کتابوں کے ساتھ زندگی گزارتے تھے، اللہ و رسول ﷺ کے ارشادات سنتے، انہیں پڑھتے اور دل میں اتارتے تھے، ہمیں نیک بزرگوں کے ذوق وشوق کو سامنے رکھ کر اپنے اوقات کا جائزہ لینا چاہئے کہ ہم کس کی مجلس میں رہ کر زندگی گزار رہے ہیں؟ یاد رکھیں ہم کچھ بھی پڑھیں، کچھ بھی سنیں، کوئی ویڈیو وغیرہ دیکھیں یہ بھی ایک صحبت ہے اور مشہور ہے کہ صحبت اثر رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالحبیب عطاری نے کہا کہ لٹریچر چاہے وہ کتاب کی صورت میں ہو، پوسٹوں یا ویڈیوز کی صورت میں ہو اپنے اندر اثر رکھتاہے، ہم جو کچھ پڑھتے، سنتے، دیکھتے ہیں تووہ ہماری آنکھوں اورکانوں کے ذریعے دل میں اترتا ہے اور ہم جو کچھ دل میں اتارتے ہیں، ہمارے نظریات، احساسات، جذبات، افعال اور کردار اس کے مطابق ہی ڈھلتے چلے جاتے ہیں، اس لئے لٹریچر کسی بھی صورت میں ہو اس کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم دینی کتابیں پڑھنے کی عادی بن جائیں تو اس کی نورانیت نصیب ہوگی اور اللہ نے چاہا تو ہم نیک بننے میں کامیاب ہو جائینگے۔ اجتماع کے اختتام پر صلوۃ و سلام پڑھا گیا اور خصوصی دعا کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں