کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کےسینیئر نائب صدر اور سابق ایم این اے فہیم خان نے عمران خان کی صحت، ملاقاتوں کی بندش اور اڈیالہ جیل کے باہر ان کی بہنوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی اطلاعات نے پوری قوم کو اضطراب اور غم و غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ تحریک انصاف کو دانستہ طور پر عوام، اہلِ خانہ اور پارٹی قیادت سے کاٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو نہ صرف غیر انسانی بلکہ جمہوری اقدار کے سراسر منافی ہے۔
فہیم خان نے کہا کہ علاج اور ملاقاتوں پر قدغن دراصل جمہوریت کے بنیادی اصولوں کا قتل ہے۔ عمران خان کو فوری طور پر مکمل طبی معائنہ اور شفاف علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ کسی بھی قسم کے خدشات کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں کی بندش محض ایک انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ سچ کی آواز دبانے کی منظم سازش ہے، مگر عمران خان کو تنہا کر کے قوم کو کمزور کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلوں کے باوجود ملاقاتوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنا نہایت تشویشناک صورتحال کو جنم دے رہا ہے اور یہ طرزِ عمل خود قانون کی بالادستی پر سوالیہ نشان ہے۔ پی ٹی آئی اپنے قائد کی صحت اور سلامتی پر کسی بھی قسم کی بے حسی ہرگز قبول نہیں کرے گی اور عمران خان کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک تاریخ کے کٹہرے میں ضرور آئے گا۔
فہیم خان نے اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہنوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو محض رشتہ داری کی بنیاد پر نشانہ بنانا اخلاقی دیوالیہ پن اور ریاستی زوال کی واضح عکاسی ہے۔ جیل کے باہر انہیں روکنا، ہراساں کرنا اور تضحیک کا نشانہ بنانا ناقابلِ برداشت ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اڈیالہ جیل کو سیاسی انتقام کا مرکز بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائدِ تحریک انصاف عمران خان کی فیملی کو ذہنی اذیت دینا اوچھے ہتھکنڈوں کی بدترین مثال ہے اور عمران خان کی بہنوں کے ساتھ روا رکھا گیا سلوک عالمی انسانی حقوق کے بھی خلاف ہے۔ خواتین کے ساتھ طاقت کا استعمال کسی بھی مہذب معاشرے میں قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔
آخر میں فہیم خان نے واضح کیا کہ پوری قوم عمران خان ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ یہ مظالم وقتی ہو سکتے ہیں مگر سچ اور انصاف کو ہمیشہ کے لیے روکا نہیں جا سکتا۔


