کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں کمسن بچے اور خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر بی/6، سلیم تھلے والی گلی نمبر 2 چھپڑا ہوٹل کے قریب تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر سے ایک کمسن بچہ جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کے بعد بچے کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 6 سالہ ذیشان ولد جنسار احمد سولنگی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد مزدا ٹرک کا ڈرائیور جاوید موقع سے فرار ہو گیا، تاہم پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کے بھائی کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مزدا ٹرک ڈرائیور گھر سے گاڑی لے کر نکلا تو پڑوسی کا بچہ اچانک گاڑی کے نیچے آ گیا، جاں بحق ہونے والا بچہ ملزم ڈرائیور کا ہی پڑوسی تھا۔
پولیس نے بتایا کہ کمسن ذیشان پانچ بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا جبکہ اس کے والد فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں۔
دوسرا حادثہ گلستانِ جوہر کے علاقے منور چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق خاتون کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی۔ متوفیہ کی شناخت 45 سالہ نذیراں بی بی زوجہ محمد حسین کے نام سے کی گئی ہے۔
پولیس کی جانب سے دونوں واقعات کی مزید تفتیش جاری ہے۔


