لندن(ایچ آراین ڈبلیو)برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ایلون مسک کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم X اور اس کے چیٹ بوٹ Grok AI کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ پلیٹ فارم خواتین اور بچوں سے متعلق غیر اخلاقی یا نقصان دہ مواد کی اجازت دیتا رہا تو برطانوی حکومت خود مداخلت کرتے ہوئے کنٹرول نافذ کرے گی۔
وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنے بیان میں کہا کہ جو کمپنیاں یا پلیٹ فارمز نقصان اور زیادتی سے فائدہ اٹھاتے ہیں، وہ خود نگرانی کا حق کھو دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر صارفین، بالخصوص کم عمر افراد کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔
اس معاملے پر برطانوی ریگولیٹری ادارے آف کام (Ofcom) نے بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم X نے ملکی قوانین کے تحت صارفین اور کم عمر افراد کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کی ہے یا نہیں۔
برطانوی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگر غیر قانونی یا غیر اخلاقی مواد کی اشاعت کا سلسلہ بند نہ ہوا تو مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے، جن میں قانونی پابندیاں، جرمانے اور ممکنہ طور پر پلیٹ فارم کی بلاکنگ بھی شامل ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کے پیش نظر ڈیجیٹل دنیا میں اخلاقیات اور قانون کی پاسداری ناگزیر ہو چکی ہے، بصورت دیگر اس کے معاشرے پر سنگین اور دیرپا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔


