طورخم بارڈر پر کسٹمز کی بڑی کارروائی، اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام

طورخم(ایچ آراین ڈبلیو) طورخم بارڈر پر کسٹمز حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ افغانستان سے پاکستان آنے والی ایک گاڑی کی معمول کی تلاشی کے دوران ٹرک کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں گولیوں کے راؤنڈ اور میگزین برآمد کر لیے گئے۔

کسٹمز ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والا اسلحہ غیر قانونی طور پر سمگل کیا جا رہا تھا، جسے خفیہ خانوں میں چھپا کر منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گاڑیاں پاکستان سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان خاندانوں کا سامان افغانستان منتقل کرتی ہیں اور واپسی پر خالی آتی ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ممکنہ طور پر اسلحہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ کی جاتی ہے۔

کسٹمز حکام نے موقع پر ہی ملزم کو گرفتار کر لیا، جسے مزید تفتیش کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اسلحہ سمگلنگ میں ملوث دیگر عناصر کی نشاندہی کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے جبکہ قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کڑی نگرانی جاری رکھی جائے گی اور اس طرح کی سمگلنگ کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں