کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اتحاد ٹاؤن سے مبینہ طور پر اٹھائے گئے شہری کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر عدالت میں سماعت ہوئی۔ درخواست لاپتہ شہری شاہزیب کی والدہ مسمات زیب النساء کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 31 دسمبر 2025 کو چند افراد نے ان کے گھر پر دستک دی، دروازہ کھولنے پر وہ مسلح افراد زبردستی گھر میں داخل ہوگئے اور تلاشی لینا شروع کر دی۔ درخواست کے مطابق ملزمان گھر سے 20 لاکھ روپے نقدی، سونے کے زیورات اور ان کے بیٹے شاہزیب کو ساتھ لے گئے۔
درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ شاہزیب کو لے جانے والوں میں بغیر نمبر پلیٹ کی پولیس گاڑی بھی شامل تھی۔
درخواست میں سیکرٹری ہوم، آئی جی سندھ اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت نے متعلقہ فریقین کے ساتھ ساتھ ایڈووکیٹ جنرل سندھ سے 22 جنوری کو جواب طلب کر لیا ہے، جبکہ متعلقہ ایس ایس پی کو شاہزیب کو عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔


