کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، سینئر نائب صدر فہیم خان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ انصاف ہائوس سیکریٹریٹ کراچی پر قائداعظم محمد علی جناحؒ کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔
اس موقع پر اپنے پیغام میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بابائے قوم کے یومِ پیدائش پر وہ پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانیٔ پاکستان کی پوری زندگی ایک باوقار اور مہذب قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ قائداعظمؒ کی تعلیمات اور فرمودات کی اہمیت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے اور بانیانِ پاکستان کے دیے گئے اسباق کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اس وقت عمران خان واحد لیڈر ہیں جو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نظریے پر چل رہے ہیں۔ ہمیں قائد کے اصولوں کے مطابق قانون اور آئین پر عملدرآمد کے ذریعے معاشی استحکام کے خواب کو پورا کرنا ہوگا۔ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق کے تقاضوں کو پورا کیے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے دیے گئے اصولوں کے بغیر ہم ترقی کی راہ پر نہیں چل سکتے۔ قائداعظمؒ نے پاکستان بنایا اور عمران خان پاکستان کو بچائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر کی قیادت میں جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، سینئر نائب صدر فہیم خان، ایم پی اے ریحان بندوکڑا، پی ٹی آئی رہنما ساجد میر، پارلیمانی لیڈر مبشر حافظ الحق، سربلند خان، خان زمان ایڈووکیٹ اور دیگر اراکینِ کابینہ کے ہمراہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش پر مزارِ قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر صدر کراچی راجہ اظہر نے کہا کہ آج قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 149واں یومِ پیدائش ہے، جس پر وہ پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ کا تصورِ پاکستان انصاف، میرٹ، قانون کی بالادستی اور اقلیتوں کے حقوق پر مبنی تھا، جسے قائداعظمؒ نے ایک آزاد ریاست کی صورت میں عملی جامہ پہنایا۔
راجہ اظہر نے کہا کہ عمران خان کی قیادت اور ان کے نظریۂ پاکستان کے مطابق حقیقی پاکستان وہی ہے جو قائداعظمؒ کا پاکستان تھا۔ آج ملک میں نظر آنے والا ظلم، ناانصافی اور جبر نہ قائداعظمؒ کے پاکستان کی عکاسی کرتا ہے اور نہ ہی علامہ اقبالؒ کے خواب کی۔
انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ عمران خان کی قیادت میں ایک نیا پاکستان تشکیل پا رہا ہے، جو قائداعظمؒ کے تصور اور علامہ اقبالؒ کے خواب پر مبنی ہوگا۔ پوری قوم کو ایک ہونا ہوگا، اور الحمدللہ قوم متحد ہو چکی ہے۔ ان شاء اللہ نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی جا چکی ہے۔
راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ جس پاکستان کی بنیاد رمضان المبارک کی 27ویں شب لا الٰہ الا اللہ کے نظریے پر رکھی گئی تھی، عمران خان اسی نظریے کو عملی شکل دینے جا رہے ہیں۔ ان شاء اللہ وہ وقت قریب ہے جب پاکستان حقیقی معنوں میں ایک فلاحی، خودمختار اور نظریاتی ریاست بنے گا۔


