کوئٹہ: بلوچستان کے دو مختلف اضلاع چاغی اور سنجاوی میں دھماکوں کے واقعات میں فٹبال اسٹیڈیم اور ایک ڈیم کو نقصان پہنچایا گیا، جس کے بعد متعلقہ علاقوں میں خوف و تشویش کی فضا پیدا ہوگئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحصیل دالبندین کے علاقے چارسر میں نامعلوم افراد نے رات گئے چارسر فٹبال اسٹیڈیم کو مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اسٹیڈیم کو شدید نقصان پہنچا اور وہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
دوسری جانب سنجاوی کے علاقے کلی سیلرہ میں واقع خشک ڈیم کو بھی گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق واقعے میں 6 سے 7 نامعلوم مسلح افراد کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دونوں واقعات کے بعد سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تاہم دھماکوں کے محرکات، ذمہ داروں اور واقعات کی مکمل نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
علاقہ مکینوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعات کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ڈس کلیمر: خبر میں بیان کردہ تفصیلات ابتدائی اطلاعات اور ذرائع پر مبنی ہیں۔ واقعات کی حتمی نوعیت اور ذمہ داروں کا تعین متعلقہ اداروں کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔


