کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)آئی جی سندھ کے حالیہ حکم کے بعد شہر میں اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سیف سٹی پروجیکٹ کے کیمروں کا استعمال شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی سیف سٹی پروجیکٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق کیمروں کی مدد سے اسلحہ کی نمائش کے الزام میں پہلا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی جی سیف سٹی کے مطابق شاہین کمپلیکس کے قریب ایک نجی کمپنی کا سیکیورٹی گارڈ جدید اسلحے کی واضح نمائش کر رہا تھا۔ کیمروں کے ذریعے گاڑی کو ٹریس کیا گیا اور متعلقہ گارڈ کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار گارڈ کے خلاف آرام باغ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا، جس میں ہدایت کی گئی تھی کہ اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔


