84

منشیات نیٹ ورک سے متعلق اطلاعات پر تحقیقاتی اداروں کی سرگرمی تیز

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سول لائن تھانے کی حدود میں منشیات کی مبینہ فروخت اور اس میں خاندان کے بعض افراد کے ممکنہ کردار سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی رپورٹس کے بعد متعلقہ تحقیقاتی ادارے متحرک ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کچھ ویڈیوز اور بیانات سامنے آئے ہیں جن میں بعض گرفتار ملزمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ مخصوص افراد سے منشیات حاصل کرتے رہے ہیں۔ تاہم پولیس حکام نے اس بارے میں تاحال کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ادارے ان دعوؤں کی حقیقت جانچنے کے لیے معلومات اکھٹی کر رہے ہیں اور ویڈیوز کی فارنزک جانچ بھی زیرِ غور ہے۔ ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل رپورٹس کے بعد اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے معاملے کا ابتدائی جائزہ لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی مبینہ نیٹ ورک یا گروہ کے بارے میں کارروائی شواہد کی بنیاد پر کی جائے گی، جبکہ کسی بھی فرد کے خلاف الزام ثابت ہونے تک اسے ملزم کے طور پر ہی دیکھا جاتا ہے۔

ادھر مقامی رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں منشیات کی فروخت کے حوالے سے سخت کارروائی کی جائے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق آپریشن ہو جو نوجوانوں کو نشے کی لعنت میں مبتلا کرتے ہیں۔

اداروں کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور نتائج سامنے آنے کے بعد میڈیا کو باضابطہ آگاہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں