کوٹری(ایچ آراین ڈبلیو) گورنمینٹ گرلز ڈگری کالج کوٹری کی اسٹوڈینٹس ویلفیئر ڈسپلن کائونسل SWDC کی تقریب حلف برداری منعقد کی گئی۔ جس میں شروع ہوئے تعلیمی سیشن کے لیئے منتخب ہیڈ گرل، مختلف اسٹالز و بیجز ہولڈر طالبات سے حلف لیا گیا۔ کالج پرنسپل پروفیسر راحیلہ انور بلوچ تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔ جن کی آمد پر انہیں کائونسل ممبرز ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن عائشہ ارم، لیکچررز، فوزیہ پروین و زینب ببر نے خوش آمدید کہا اور اجرک و گلدستے پیش کیئے۔ حلف برداری سے قبل دلکش رنگارنگ ایرینا میں کالج پرنسپل پروفیسر راحیلہ انور بلوچ نے کائونسل میمبرز و دیگر اساتذہ کے ساتھ ہیڈگرل، سی آرز اور پیٹرولز میں اسٹالز و بیجز کی تقسیم کی. اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے منتخب طالبات کو اپنے اپنے فرائض خوش اسلوبی اور ذمیداری کے ساتھ نبھانے کی تلقین کی تاکہ تعلیمی عمل اسٹوڈینٹس کے بہترین نظم و ضبط کے عملی مظاہرے کے ساتھ جاری رہے۔ انہوں نے ممبران SWDC کی کاوشوں کی تعریف کی۔ پروگرام میں پروفسرز، زیب شاہ، شکیلہ میمن رضوانہ قائم خانی، عصمت بانو، فرزانہ نثار، تہمینہ میمن، ڈاکٹر فوزیہ، ڈاکٹر وکیلا، حمیدہ میربحر سمیت کالج کے تمام پروفیسرز و لیکچررز و اسٹاف ممبران نے شرکت کرکے چار چاند لگائے۔ عائشہ ارم نے اس موقع پر مہمان خصوصی و دیگر اسٹاف کی پروگرام میں آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور بیجز ہولڈرز طالبات کو مبارکباد دی۔ کمپیئرنگ کے فرائض لیکچرر نازش نذیر نے خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔ اس دوران طالبات کی دلچسپی اور جوش و خروش دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ بعد ازاں تقسیم اسٹالز و بیجز و حلف برداری اور کیک کٹنت کے ساتھ ہی کائونسل میں شامل طالبات نے اپنی اپنی تفویض شدہ ذمیداریاں سنبھال لیں۔


