تھانہ فرید ٹاؤن پولیس مقابلہ، شہری سے واردات کرنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار

ساہیوال(ایچ آراین ڈبلیو)ساہیوال کے علاقے تھانہ فرید ٹاؤن کی حدود میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے دوران شہری سے واردات کرنے والا ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فرار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ فرید ٹاؤن محمد افضال کو 15 پر اطلاع ملی کہ دو ملزمان نے ایک شہری سے واردات کی اور فرار ہو رہے ہیں۔ پولیس نے فوری تعاقب کیا جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

زخمی ملزم کی شناخت اعجاز ولد سردار، قوم دیندار، سکنہ گیمبر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 30 بور پسٹل اور شہری سے چھینی گئی نقدی برآمد کر لی ہے۔ ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عثمان ٹیپو نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں