عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)عالمی یومِ ملیریا کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ملیریا سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔یہ واک سی او ہیلتھ ڈاکٹر فائزہ کنول کی ہدایت پر اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عمر صابر کی نگرانی میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال عارف والا میں منعقد ہوئی، جس میں طبی عملے اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ملیریا ایک خطرناک مگر قابلِ علاج اور قابلِ روک تھام بیماری ہے جو مچھر کے کاٹنے سے پھیلتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال دنیا بھر میں لاکھوں افراد اس بیماری سے متاثر ہوتے ہیں، جن میں بچے اور کمزور افراد زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں۔
مقررین نے زور دیا کہ ملیریا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانا انتہائی ضروری ہے، جن میں مچھر دانی کا استعمال، گھروں اور اردگرد پانی جمع نہ ہونے دینا، صفائی کا خاص خیال رکھنا اور بخار، سردی یا کپکپی کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا شامل ہے۔
آخر میں شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ملیریا کے خاتمے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے۔


