کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) گورنر سندھ کو دی گئی ایک بریفنگ میں انکشاف ہوا ہے کہ کراچی میں گرین لائن منصوبے کی توسیع کے کام کی بندش کی وجہ سے روزانہ 2 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیرِ صدارت وفاقی کمپنی پاکستان انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنرل منیجر انجینئرنگ اور دیگر افسران نے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں گرین لائن منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کی وجہ سے حکومت کو ہونے والے نقصانات کے بارے میں بتایا گیا، جس پر گورنر سندھ نے پی آئی ڈی سی ایل کے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا نوٹس لیا۔
24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے ای چالان 6 ہزار تک پہنچ گئے، سب سے زیادہ کس خلاف ورزی پر۔۔۔؟
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مختلف منصوبوں پر بار بار ٹینڈر کرنے کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے، گورنر سندھ نے منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور مکمل اور زیرِ تعمیر منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ طلب کی، اور ہدایت کی کہ منصوبوں کی تکمیل میں حائل وجوہ اور رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
انھوں نے کہا عوامی مفاد میں جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں، ان منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ گورنر سندھ نے پی آئی ڈی سی ایل حکام کو شفافیت، معیار اور رفتار یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔


