78

ڈینگی سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری، صوبے بھر میں ڈینگی کے 160 مریض زیرِ علاج

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز سندھ نے ڈینگی سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جن کے مطابق صوبے بھر میں ڈینگی کے 160 مریض زیرِ علاج ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 78 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ خوش قسمتی سے صوبے میں اب تک ڈینگی سے کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی ڈویژن میں اس وقت 40 مریض زیرِ علاج ہیں اور 11 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ حیدرآباد میں 73 مریض زیرِ علاج ہیں جبکہ ایک دن میں 45 نئے کیس سامنے آئے۔ اندرونِ سندھ کے مختلف اضلاع میں 47 مریض زیرِ علاج ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اب تک 58 مریض مکمل صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔ ڈینگی کے علاج کے لیے صوبے بھر کے اسپتالوں میں 843 بستروں (بیڈز) کا انتظام کیا گیا ہے۔

صوبے بھر کی 50 عوامی و نجی لیبارٹریوں میں ڈینگی کے ٹیسٹ جاری ہیں، جہاں اب تک 5271 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جن میں سے 1397 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت سندھ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مچھروں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گھروں اور گلیوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، اور علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی اسپتال یا ہیلتھ سینٹر سے رجوع کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں