حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے اشتراک سے ”سیلز اینڈ مارکیٹنگ اسٹریٹجیز لیدر و فٹ ویئر سیکٹر“ کے موضوع پرچیمبر سیکریٹریٹ میں ایک روزہ تربیتی و آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں حیدرآباد کے لیدر اور فٹ ویئر انڈسٹری سے وابستہ درجنوں صنعتکاروں، تاجروں اور نوجوان کاروباری حضرات نے شرکت کی۔سیشن کے ماسٹر ٹرینر ظفر احمد صدیقی سمیڈا نے شرکاء کو لیدر اور فٹ ویئر انڈسٹری کے لیے فروخت اور مارکیٹنگ کی جدید حکمتِ عملیوں پر جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے گلوبل اینڈ ایشین مارکیٹ سے موازنہ،مارکیٹ چیلنچیزو سلوشنز، سیلز مینجمنٹ، مارکیٹ ریسرچ، برانڈ آئیڈینٹیٹی، پروڈکٹ ڈیزائن اور جدت، قیمتوں کے مؤثر تعین، صارفین کے رویوں کے تجزیے، آن لائن سیلز، ای۔کامرس پلیٹ فارمز کے استعمال، سوشل میڈیا مارکیٹنگ، ایکسپورٹ مواقع اور کسٹمر ریلیشن مینجمنٹ جیسے اہم پہلوؤں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کے مطابق پروڈکٹس تیار کر کے، جدید مارکیٹنگ ٹیکنیکس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے استفادہ حاصل کر کے پاکستانی لیدر و فٹ ویئر انڈسٹری اپنی ایک مضبوط اور مستحکم شناخت قائم کر سکتی ہے۔تقریب کے افتتاحی سیشن میں صدر حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری سلیم میمن نے اپنے استقبالیہ خطاب میں مہمانانِ گرامی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ”سیلز اینڈ مارکیٹنگ اسٹریٹجیز“ پر یہ تربیتی سیشن حیدرآباد کی صنعتوں کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ جدید کاروباری ماحول میں مارکیٹنگ کے مؤثر طریقے ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے سمیڈا کی ٹیم، خصوصاً ریجنل چیف جناب ذیشان احمد اور ریجنل بزنس کوآرڈینیٹر احسن ابڑو کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے حیدرآباد میں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ صدر نے امید ظاہر کی کہ سمیڈا اور چیمبر کے مابین یہ اشتراک آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے صنعتکار جدید مارکیٹ تقاضوں سے ہم آہنگ ہو سکیں۔اس موقع پرذیشان احمد، ریجنل چیف سمیڈا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمیڈا ہر سال حیدرآباد میں مختلف کاروباری شعبوں سے متعلق 20 سے زائد آگاہی سیشنز کا انعقاد کرتا ہے، اور یہ سیشن بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پروگرامز کا بنیادی مقصد تاجروں اور صنعتکاروں کو جدید کاروباری تکنیکس، مارکیٹنگ اسٹریٹجیز اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے حیدرآباد چیمبر اور صدر سلیم میمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری نے صنعت و تجارت سے وابستہ نمایاں کاروباری شخصیات کو ایک مؤثر پلیٹ فارم تلے جمع کیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سمیڈا اور حیدرآباد چیمبر آئندہ بھی باہمی اشتراک کے ذریعے شہر میں کاروباری ترقی کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔شیخ احمد حسین، کنوینر سمیڈا سب کمیٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ لیدر و فٹ ویئر انڈسٹری پاکستان کی برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، تاہم عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ صنعتکار جدید مارکیٹنگ اور سیلز حکمتِ عملیوں کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا اور چیمبر کا یہ اشتراک چھوٹے صنعتکاروں کے لیے ایک مثالی پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے، جہاں سے وہ مارکیٹنگ، ایکسپورٹ پروموشن اور کاروباری منصوبہ بندی کے عملی پہلوؤں سے مستفید ہو سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پرسمیڈا کی جانب سے تمام شرکاء کو سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے اس پروگرام میں سمیڈا کی جانب سے مینجر، فیروز احمد، چیمبر کی جانب سے سابق صدور، ممبر ایگزیکٹوکمیٹی، کنونیئر، وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں تاجر موجود تھے۔


