مبینہ زہریلا شوارما کھانے سے 7 سالہ بچی جاں بحق، ماں اور بھائی تشویشناک حالت میں

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) رائیونڈ کے علاقے میں مبینہ طور پر زہریلا شوارما کھانے سے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 7 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کی والدہ اور بھائی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے افراد کی طبیعت بگڑ گئی۔

بچی کے والد نے اپنے بہنوئی شیر زمان پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو رنجش کی وجہ سے ملزم نے اس کی بیوی اور بچوں کو مبینہ طور پر زہریلا شوارما کھلایا، جس کے بعد حالت بگڑ گئی اور 7 سالہ بچی جانبر نہ ہو سکی۔

پولیس کے مطابق مقتولہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔پولیس نے مزید کہا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور میڈیکل شواہد کی روشنی میں واقعے کی نوعیت واضح کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں