کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ کورنگی سے تعلق رکھنے والا ایک سپاہی مبینہ طور پر خود کو اسپیشل برانچ کا اہلکار ظاہر کر کے دکانداروں کو ہراساں کرنے اور بھتہ لینے کے الزام میں بے نقاب ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم مختلف کیبن مالکان اور دکانداروں کے پاس جا کر خود کو اسپیشل برانچ کا اہلکار ظاہر کرتا تھا اور انہیں یہ باور کرواتا تھا کہ ان کے خلاف موجود ریکارڈ (IR) کو کلیئر کرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے بعض افراد سے 50 ہزار روپے سے زائد رقم وصول کی، جبکہ کچھ متاثرین سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے بھی وصول کیے گئے۔ اس کے علاوہ وہ دکانداروں کو دھمکاتا تھا کہ اس کے ڈی آئی جی آفس میں تعینات ایک قریبی رشتہ دار (کزن) ہے، جس کے ذریعے وہ اثر و رسوخ استعمال کر سکتا ہے۔متاثرہ دکانداروں کی شکایات پر معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزم کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا امکان ہے۔


