کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں ٹیپو سلطان پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ایسے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے جس کی حال ہی میں ایک ڈیلیوری رائیڈر کو لوٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
ایس ڈی پی او بہادر آباد، ندا جنید کے مطابق ملزم ساجد سلیمان اپنے ساتھی کے ہمراہ بلوچ پل کے قریب لوٹ مار کر رہا تھا کہ پولیس سے مقابلہ ہو گیا۔ دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ساجد زخمی حالت میں پکڑا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ملزم ساجد سلیمان ایسٹ پولیس کو انتہائی مطلوب تھا اور اس نے تین روز قبل ایک آن لائن ڈیلیوری رائیڈر سے نہ صرف موبائل فون اور ایئربڈز چھینے تھے بلکہ کھانے کا پارسل بھی لے اڑا تھا۔
اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس پر شدید تنقید کی گئی تھی کیونکہ ویڈیو میں رائیڈر کو ملزمان کے سامنے ہاتھ جوڑتے اور بے بسی سے سر پکڑ کر بیٹھے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف محمود آباد، ڈیفنس، نیپیئر اور بریگیڈ تھانوں میں منشیات، ناجائز اسلحہ اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے مفرور ساتھی کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


