ساہیوال(ایچ آراین ڈبلیو)میٹرک و انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2025 کے تمام پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔یہ تقریب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر منعقد کی گئی جس کا مقصد طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی ترقی میں معاونت فراہم کرنا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن و چیئرمین ایجوکیشن بورڈ ڈاکٹر آصف طفیل اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، اراکین پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم، محمد ارشد ملک تھے۔
انہوں نے کامیاب طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپس تقسیم کیے اور ان کی کامیابیوں کو سراہا۔ اس موقع پر سیکریٹری بورڈ پروفیسر محمد فیاض سلیمی، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر نوید عظمت سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے جنہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کامیاب طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی کامیابیوں کو مستقبل میں بھی برقرار رکھیں، سخت محنت جاری رکھیں اور ملک کو ترقی یافتہ قوموں کی صف میں لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔


