کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں ڈمپر تلے کچلے گئے افراد کے ورثا کو 12 اپریل کو گورنر ہاؤس بلوا لیا اور انہیں پلاٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں نذر عباس کے گھر پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو معذور باپ ہے، اب یہ ان تین بچیوں کے تعلیم، اخراجات کا کیسے گزر بسر کرے گا، یہ یوسف گوٹھ کا مکین نذر عباس ڈمپر تلے اپنی اہلیہ کو گنوا بیٹھا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ ان تین معصوم بچیوں کا کیسے گزار کرے گا؟ اس کا اپنا گھر بھی نہیں ہے، یہ اپنے بھائی کے گھر کے چھوٹے سے کمرے میں تین بچیوں کے ساتھ رہتا ہے، میں یہاں آیا اور نذر عباس کو 80 گز کا پلاٹ اسمارٹ سٹی سے لے کر دیا ہے۔
گورنر سندھ نے تین بچیوں کی اگلے 12 سال تک تعلیم کی ذمہ داری سنبھالنے کا اعلان کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ انگلش میڈیم اسکول میں تعلیم دلوائی جائے گی جہاں سوئمنگ پول بھی ہوگا۔


