کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ ہائی کورٹ میں منعقدہ وکلا کنونشن میں سینئر قانون دانوں اور بار عہدیداران نے آئینی ترامیم، عدلیہ میں مبینہ مداخلت اور ملک میں رول آف لاء کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے متحدہ جدوجہد کا اعلان کر دیا۔
سابق بار صدور اور وکلا رہنماؤں نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق خطرے میں ہیں، جبکہ موجودہ قانون سازی اور پارلیمانی اقدامات پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔
مقررین نے زور دیا کہ وکلا برادری کو ماضی کی طرح متحد ہو کر آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔کنونشن میں سیاسی گرفتاریوں، بلوچستان اور سندھ کی صورتحال اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
وکلا رہنماؤں نے اعلان کیا کہ یہ جدوجہد جاری رہے گی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر احتجاج اور قانونی جدوجہد کی جائے گی۔


