کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے ادارے نے 48 گھنٹوں میں مکمل ہونے والا کام صرف 33 گھنٹوں میں مکمل کر لیا، جس کے نتیجے میں شہر کے 95 فیصد علاقوں میں پانی کی فراہمی بحال ہو چکی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دھابیجی K-2 پمپس ہاؤس سے پانی کی فراہمی کامیابی کے ساتھ بحال کر دی گئی ہے، جہاں تین پمپس کو فعال کر دیا گیا ہے۔ ان پمپس کی فعالیت کے باعث شہر کو یومیہ مزید 100 ملین گیلن پانی کی فراہمی ممکن ہو گئی ہے۔
واٹر کارپوریشن کے مطابق مجموعی طور پر شہر کو اس وقت 600 ملین گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ معمول کے مطابق یومیہ 650 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ اس طرح اس وقت صرف 50 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے، جسے جلد پورا کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر میں پانی کی مکمل بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


