پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری

پنجاب(ایچ آراین ڈبلیو)صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک لاہور سمیت پورے پنجاب سے مجموعی طور پر 34 ہزار 545 افغان شہریوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جبکہ 203 افراد اس وقت ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں 13 ہزار 389 مرد، 6 ہزار 963 خواتین اور 14 ہزار 224 بچے شامل ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ان افراد میں رہائشی ثبوت رکھنے والے 10 ہزار 771، افغان سٹیزن کارڈ رکھنے والے 11 ہزار 131 اور غیر قانونی طور پر مقیم 12 ہزار 643 غیر ملکی شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے تحت اس پالیسی پر عملدرآمد کر رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق انخلا کا عمل مرحلہ وار جاری رہے گا اور تمام غیر قانونی مقیم افراد کو قانون کے مطابق واپس بھیجا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں