لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ موسمیات پاکستان نے خطرناک موسمی رجحان ہیٹ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق جنوبی پنجاب اور سندھ کے کئی علاقے، جن میں ملتان، بہاولپور، سکھر، کراچی اور جیکب آباد شامل ہیں، ہائی رسک زون میں آتے ہیں۔
ہیٹ برسٹ کیا ہے؟
ماہرین کے مطابق ہیٹ برسٹ عام گرمی سے مختلف اور کہیں زیادہ خطرناک ہوتا ہے۔ یہ عموماً رات کے وقت اس وقت بنتا ہے جب آندھی یا بارش والے بادل ختم ہو جائیں اور اوپر کی خشک ہوا تیزی سے زمین کی طرف گرے۔ نیچے آتے ہوئے دباؤ کے باعث یہ ہوا شدید گرم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں صرف 5 سے 10 منٹ میں درجۂ حرارت 10 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ اس دوران ہوا انتہائی خشک ہو جاتی ہے، سانس لینا دشوار اور پودوں و فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
خطرہ کیوں زیادہ ہے؟
رات کے وقت لوگ عموماً سو رہے ہوتے ہیں، اس لیے اچانک درجۂ حرارت میں اضافے سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جو کم وقت میں جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔
احتیاطی تدابیر (خصوصاً رات کے وقت):
سونے سے پہلے پانی ضرور پئیں اور پاس پانی رکھیں۔
کمرے میں ہوا کی آمد و رفت (کراس وینٹیلیشن) رکھیں؛ پنکھا گرم ہوا دے تو گیلی چادر لٹکا دیں۔
بجلی بند ہونے کی صورت میں چارجڈ ٹارچ، پانی اور گیلا تولیہ پاس رکھیں۔
بچوں اور بزرگوں کو رات میں وقفے وقفے سے چیک کریں؛ جسم بہت گرم لگے تو گیلا کپڑا رکھیں۔
جانوروں کو رات میں بھی پانی دیں اور شیڈ میں ہوا کا مناسب انتظام کریں۔
ہیٹ برسٹ کی علامات:
اگر رات کو اچانک تیز اور خشک گرم ہوا کا جھونکا آئے، حبس ختم ہو کر خشک گرمی محسوس ہو اور پودوں کے پتے جھلسنے لگیں تو فوراً پانی پیئیں اور جسم ٹھنڈا کریں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تازہ موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں اور غیر ضروری خطرات سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ اللہ تعالیٰ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔


