کراچی میں قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں 70فیصد تک اضافہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)عید الاضحیٰ پر سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے چھوٹے اور بڑے جانوروں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، عید قرباں جیسے جیسے قریب آرہی ہے جانوروں کی فروخت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

اس مرتبہ عید الاضحیٰ پر گذشتہ برس کی نسبت قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں 50 سے 70 فیصد اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ مویشی منڈیوں میں کم وزن کی بچھیا کی ایک لاکھ روپے تک دستیابی انتہائی مشکل ہوگئی ہے، بچھیا کی کم سے کم قیمت ایک لاکھ 40 ہزار اور بکرے کی قیمت 40 ہزار روپے سے شروع ہو رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر قربانی کے جانوروں کی قیمتوں کے تعین کے لیے کوئی میکنزم موجود نہیں ہے، ہر بیوپاری اپنی مرضی کی قیمت مانگ رہا ہے۔ بیوپاریوں اور گاہگوں میں سودے بحث و مباحثہ کے بعد طے ہو رہے ہیں۔

مویشی کے بیورپاریوں کا کہنا ہے کہ جانوروں کو پالنے کی لاگت، ٹرانسپورٹیشن، ٹیکسز اور دیگر وجوہات کی بناء پر قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں ہوش روبا اضافہ ہوا ہے۔

قربانی کے جانوروں کے بیوپاری کاشف قریشی نے بتایا کہ عید الاضحیٰ پر ہر صاحب حیثیت مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کرے تاہم اس عید الاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں گذشتہ برس کی نسبت ایک اندازے کے مطابق 50 سے 70 فیصد اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ کی کئی وجوہات ہیں جن میں پنجاب اور سندھ کے کئی اضلاع جہاں مویشوں کی بڑی منڈیاں ہیں وہاں بڑے بیوپاری مہنگے جانور فروخت کر رہے ہیں۔ ان مویشی بیوپاریوں کا دعویٰ ہے کہ مویشیوں کو چارے کے اخراجات میں 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا ہے۔ جانوروں کے پالنے کے اخراجات بڑھنے کی وجہ سے ان کی قیمتیں بڑھ گئیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں