حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) اسرا یونیورسٹی حیدرآباد میں یومِ تکبیر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے تقریب کا اہتمام اسداللہ قاضی آڈیٹوریم میں کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کے ڈینز، مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز، اساتذہ، طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز اسرا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی کی جانب سے پاکستانی پرچم کشائی سے ہوا، جب کہ 28 مئی 1998 کے تاریخی لمحات پر مبنی ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس کے ذریعے پاکستان کے نیوکلیئر طاقت بننے کے سفر کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد ولی اللہ قاضی نے کہا کہ یومِ تکبیر ہماری قوم کی طاقت، اتحاد اور حوصلے کا مظہر ہے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب پاکستان نے عالمی دباؤ کے باوجود اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جرات مندانہ قدم اٹھایا۔ ہمارے نوجوانوں کو اس تاریخی قربانی اور عزم کو سمجھنا چاہیے، جس نے ملک کو طاقت دی۔ آئیں، اس ورثے کو علم، ذمہ داری اور وطن سے وابستہ جذبے کے ساتھ آگے بڑھائیں۔
تقریب کے آخر میں پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور دفاع کے لیے دعا کی گئی، جب کہ طلبہ، طالبات اور اسٹاف کی جانب سے ’پاکستان زندہ باد‘ کے پرجوش نعرے لگائے گئے۔


