قلات میں مبینہ بھتہ خوری کا انکشاف، وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لے لیا

قلات(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ ایکسائز کے بعض اہلکاروں کی جانب سے مبینہ بھتہ خوری اور ڈرائیوروں کو ہراساں کرنے سے متعلق شکایات پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

شکایات کے مطابق تیل بردار زمیاد گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے کاغذات کی چیکنگ اور مختلف کیسز کے نام پر مبینہ طور پر غیر قانونی رقوم وصول کی جا رہی تھیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے واضح ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی سرکاری اہلکار کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں سے بدسلوکی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

حکومتِ بلوچستان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ متاثرہ افراد کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں