لطیف آباد یوسی 9 میں گٹر کے ڈھکن غائب، کھلے گٹروں سے شہری شدید مشکلات کا شکار

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)لطیف آباد کی یوسی نمبر 9 میں گٹر کے ڈھکن نہ ہونے اور کھلے نالوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی رہائشیوں کے مطابق گٹر کے ڈھکن لگانے کے لیے 12 لاکھ روپے کا فنڈ جاری کیا گیا تھا، تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود علاقے کی گلیوں میں گٹر کھلے پڑے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ فنڈز کا مؤثر استعمال نہیں کیا گیا، جس کے باعث مسجد کے راستے سمیت مختلف مقامات پر کھلے گٹر شہریوں کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اندھیرے میں کھلے گٹروں کے باعث گزشتہ رات ایک کار بھی حادثے کا شکار ہوئی، جبکہ متعدد بچے اور بزرگ بھی گر کر زخمی ہو چکے ہیں۔

علاقے میں تعفن اور مچھروں کی افزائش کے باعث ڈینگی اور ملیریا جیسے امراض کے پھیلاؤ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مقامی سماجی کارکنوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اینٹی کرپشن سندھ اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر فنڈز کی تحقیقات کرے اور کھلے گٹروں کو جلد از جلد کور کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید حادثات سے بچایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں