کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گلشنِ اقبال میں پولیس نے کار لفٹنگ میں ملوث ایک چار رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔تھانہ گلشنِ اقبال پولیس کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس میں گینگ کے سرغنہ سمیت تمام ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک سرقہ شدہ کار، موٹرسائیکل، لیپ ٹاپ، متعدد موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔
برآمد ہونے والی گاڑی نمبر BHX-189 گلشنِ اقبال بلاک 07 میں واقع ایک ریسٹورنٹ کی پارکنگ سے چوری کی گئی تھی، جس کا مقدمہ تھانہ گلشنِ اقبال میں درج ہے۔تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ چوری شدہ گاڑیاں کم قیمت پر فروخت کرتے تھے، جبکہ گروہ کا سرغنہ گاڑیاں چوری کر کے اپنے ساتھیوں کو فراہم کرتا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے جبکہ ان کے سابقہ ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔


