4

یونیورسٹی روڈ منصوبہ سندھ حکومت کی بدانتظامی اور ناقص منصوبہ بندی کی بدترین مثال قرار

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) میری پہچان پاکستان (MPP) کی سینٹرل کمیٹی نے یونیورسٹی روڈ کراچی کے جاری ترقیاتی منصوبے کو سندھ حکومت کی بدانتظامی، ناقص منصوبہ بندی اور عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کرنے والا منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے باعث روزانہ لاکھوں شہری ٹریفک جام، ماحولیاتی آلودگی، ایندھن کے اضافی اخراجات اور کاروباری نقصان کا سامنا کر رہے ہیں۔

سینٹرل کمیٹی کے رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یونیورسٹی روڈ کراچی کی اہم ترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے، تاہم منصوبے کی سست رفتاری اور مؤثر متبادل ٹریفک پلان نہ ہونے کے باعث طلبہ، اساتذہ، مریض، سرکاری و نجی ملازمین اور تاجر برادری شدید متاثر ہو رہی ہے۔ شہری گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہتے ہیں جس سے ان کا قیمتی وقت اور وسائل ضائع ہو رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہوتا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں یہ منصوبہ شہریوں کے لیے مستقل پریشانی اور اذیت کا باعث بن چکا ہے۔ منصوبے میں غیر معمولی تاخیر اور لاگت میں اضافے کے خدشات بھی عوامی تشویش میں اضافہ کر رہے ہیں۔

میری پہچان پاکستان کی سینٹرل کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، میئر کراچی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، تعمیراتی کام کی رفتار تیز کی جائے، شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے فوری اور مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان نافذ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے اور اس کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں میں تاخیر نہ صرف شہری زندگی بلکہ معاشی سرگرمیوں کو بھی متاثر کر رہی ہے، لہٰذا عوامی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں