ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی، اسلام آباد اور کے پی میں بارشیں و ژالہ باری

کراچی . اسلام آباد÷ لاہور (ایچ آراین‌ڈبلیو) ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی کا راج ہے، اسلام آباد اور پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

سندھ اور بلوچستان میں سورج کا مزاج انتہائی گرم ہے، سندھ اوربلوچستان کے میدانی علاقوں میں بڑھتے درجہ حرارت نےشہریوں کو پریشان کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع ہفتہ کے روز بھی شدیدگرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں رہے، دوپہر کے بعد ساحلی علاقوں میں تیزگرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمی کی شدت برقرار ہے، ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے کی وجہ سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت بھی زیادہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 52 ڈگری اور دادو میں 51 ڈگری تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ سیاہ بادل جم کر برسے، موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے جل تھل ایک کر دیا، جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

اسلام آباد میں طوفانی بارش سے قائداعظم یونیورسٹی کی کینٹین کا شیڈ گر گیا۔

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش سے قبل سیاہ گھٹاؤں نے دن میں ہی رات کا سماں پیدا کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں