ٹیپو سلطان پولیس کی کارروائی، مقابلے میں زخمی ملزم کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ ٹیپو سلطان پولیس نے مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ملزم کا کرمنل ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی ہے جو ایسٹ پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ ملزم کو فوڈ ڈیلیوری رائیڈر سے لوٹ مار کے ایک واقعے میں ملوث پایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ساجد اور اس کے ساتھیوں نے تین روز قبل پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں فوڈ پانڈا رائیڈر سے موبائل فون، ائیر بڈز اور کھانے کا پارسل چھین لیا تھا۔ اس کے علاوہ گزشتہ ماہ محمود آباد گیٹ کے قریب ایک آفس وین میں موجود خواتین کو بھی مبینہ طور پر واردات کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متاثرہ شہریوں نے تھانہ ٹیپو سلطان میں رپورٹ درج کروائی تھی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف منشیات، ناجائز اسلحہ اور دیگر دفعات کے تحت متعدد مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ ملزم مختلف تھانوں میں بھی مطلوب تھا جن میں محمود آباد، ڈیفنس، نیپئر، ناظم آباد اور بریگیڈ شامل ہیں۔

ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف درج مقدمات میں 2019 سے 2026 تک مختلف سنگین نوعیت کے کیسز شامل ہیں، جن میں اسلحہ، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی دفعات شامل ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے اور اس کے نیٹ ورک سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں