کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ ملیریا کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ملیریا ایک قابلِ علاج مرض ہے، جس سے بروقت تشخیص اور احتیاط کے ذریعے قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملیریا صرف عام بخار نہیں بلکہ غفلت کی صورت میں یہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اس دن کا مقصد عوام میں اس بیماری کے خلاف شعور اجاگر کرنا اور احتیاطی تدابیر کو فروغ دینا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے سے ملیریا کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے محکمہ صحت کو انسدادِ ملیریا مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں اور اردگرد صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ مچھروں کی افزائش نہ ہو، جبکہ ملیریا کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی سرکاری ہسپتال سے رجوع کیا جائے جہاں مفت تشخیص اور علاج کی سہولت موجود ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مچھر دانیوں کا استعمال اور دیگر حفاظتی تدابیر اپنانا اس بیماری سے بچاؤ کا بہترین طریقہ ہے۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کو نالیوں کی صفائی اور جراثیم کش اسپرے کے شیڈول کو مزید سخت بنانے کی بھی ہدایت دی۔انہوں نے ملیریا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے ہیلتھ ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ مستقبل کی نسلوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔آخر میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں مل کر ملیریا کو شکست دینی ہوگی تاکہ ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔


