لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کا بیڑہ غرق کر دیا گیا، پیسے صرف اشتہاروں پر لگ رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام کو امن اور صحت دینے میں ناکام ہو چکے ہیں، ہر حکومت نے صرف اپنے اردگرد کے لوگوں کو سہولتیں فراہم کیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ فی لیٹر پٹرول پر 125 روپے ٹیکس دیتا ہے، بجلی کے بلوں میں پی ایچ ایل کی صورت میں الگ ٹیکس لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو ہر پارٹی میں ہوتے ہیں، ہمارے یہاں چہرے بدلتے ہیں لیکن 25 کروڑ عوام کی قسمت نہیں بدلی، ملک کو اس وقت نظام کی تبدیلی اور نئی قیادت کی ضرورت ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ غریبوں پر ٹیکس لگایا جاتا ہے اور تنخواہ دار طبقہ رل رہا ہے، ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے جبکہ کسان کو کھاد تک نہیں مل رہی، ملک میں حکومتی گورننس کہاں ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ ہر صوبے میں رہنے والا برابر کا پاکستانی ہے، حق حکمرانی اور اختیارات مکمل طور پر عوام کو منتقل ہونے چاہئیں، موجودہ عدل کا نظام انصاف پر مبنی نہیں اسے بدلنا پڑے گا، اقتدار کی میوزیکل چیئر کا کھیل اب ختم ہونا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے یہ بھی کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری تحریک شہر شہر اور گاؤں گاؤں پھیلے، ملک بھر میں اس وقت پونے 3 کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، حکمران طبقہ لوکل باڈیز کو اختیارات دینے کو تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت صرف مڈل کلاس طبقے پر مشتمل ہے، ہم لسانی تقسیم پر سیاست نہیں کرتے امت کو متحد کرتے ہیں۔


