**لاہور (ایچ آراین ڈبلیو):** پنجاب بار کونسل نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) سے اپنی تعلیمی ڈگریوں کی تصدیق نہ کروانے والے 1133 وکلا کے لائسنس فوری طور پر معطل کر دیے ہیں۔
پنجاب بار کونسل کے مطابق جنرل ہاؤس کے فیصلے کے تحت ان وکلا کو 15 جولائی 2026 تک اپنی تصدیق شدہ ڈگریاں جمع کروانے کی مہلت دی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت گزرنے کے باوجود ان کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات جمع نہیں کروائی گئیں۔
بار کونسل کے مطابق مذکورہ وکلا کے نام پنجاب بار کونسل کے رول سے خارج کیے جا رہے ہیں اور وہ اب قانونی پریکٹس جاری نہیں رکھ سکیں گے۔ صرف وہ 29 وکلا اپنی قانونی خدمات جاری رکھ سکیں گے جنہوں نے مقررہ وقت کے اندر اپنی ڈگریوں کی تصدیق مکمل کروا کر دستاویزات جمع کرا دی تھیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ **شاہ عبداللطیف بھٹائی یونیورسٹی** سے متعلق 32 وکلا کے کیسز پر بھی مزید کارروائی جاری ہے۔
پنجاب بار کونسل کے مطابق لائسنس کی بحالی کے خواہشمند وکلا کو ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ڈگریوں کی تصدیق حاصل کرنے کے بعد پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی سے رجوع کرنا ہوگا۔
بار کونسل نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کے جعلی سرٹیفکیٹ یا دستاویزات پیش کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب بار کونسل کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جنرل ہاؤس کے 4 اپریل 2026 اور 13 جون 2026 کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے کیا گیا ہے، تاکہ وکالت کے شعبے میں شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
**HRNW کی اپیل:**
آزاد، ذمہ دار اور عوامی مفاد پر مبنی صحافت کے فروغ میں ہمارا ساتھ دیں۔ HRNW کی معاونت کے لیے وزٹ کریں: [https://www.hrnww.com/?page_id=1083](https://www.hrnww.com/?page_id=1083)
**ڈسکلیمر:**
یہ خبر پنجاب بار کونسل کے جاری کردہ اعلامیے اور دستیاب معلومات پر مبنی ہے۔ لائسنس معطلی اور دیگر قانونی معاملات سے متعلق حتمی حیثیت متعلقہ قانونی کارروائی کے مطابق طے ہوگی۔


