24

حج اور عمرہ کے نام پر کروڑوں روپے فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے کیسز، ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)حج اور عمرے کے نام پر کروڑوں روپے کے مبینہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق 3 مقدمات میں گرفتار ملزم عبداللہ کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے مختلف مقدمات میں اس کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے دو مقدمات میں ملزم کا 4 روزہ جبکہ ایک مقدمے میں 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ تفتیشی افسر مسرور خان نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، تاہم عدالت نے موجودہ ریمانڈ منظور کیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم کے خلاف 2011 میں بھی دو مقدمات درج تھے جبکہ رواں سال ایک نیا مقدمہ بھی سامنے آیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم منی لانڈرنگ اور دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث ہے۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر حج اور عمرہ کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے وصول کیے، جس کے باعث متعدد افراد مقدس فریضے کی ادائیگی سے بھی محروم رہ گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں