کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کے مقدمے میں عدالت نے غیر ملکی شہری انتھونی ہو سیاو یواؤ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ملزم کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے کلفٹن سے گرفتار کیا تھا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم کے قبضے سے 13 ہزار سے زائد امریکی ڈالر، عراقی ریال، پرائز بانڈز اور نقدی برآمد ہوئی۔
وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے اور قانون کے مطابق 10 ہزار امریکی ڈالر تک رکھنا جائز ہے، جبکہ غیر ملکی کرنسی رکھنا بذاتِ خود جرم نہیں۔
تاہم عدالت نے ریمارکس دیے کہ غیر ملکی کرنسی کے قانونی ذرائع اور اس کے حصول کی وضاحت ضروری ہے، جبکہ ملزم انکوائری یا عدالت کے سامنے کوئی دستاویزی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔
عدالت کے مطابق ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایف آئی اے نے قانونی تقاضوں کے مطابق سرچ وارنٹ حاصل کرکے کارروائی کی۔ عدالت نے مزید کہا کہ فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت ملکی مالیاتی نظام کو متاثر کرنے والے جرائم سنگین معاشی نوعیت کے ہوتے ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ برآمد شدہ الیکٹرانک آلات کا فرانزک جاری ہے اور ملزم کی رہائی سے تفتیش متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے، لہٰذا تمام شواہد اور ریکارڈ کی روشنی میں درخواست ضمانت مسترد کر دی گئی۔


