کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)اسکیم 33 سیکٹر B-17 میں واقع 8 ایکڑ اراضی پر مبینہ غیر قانونی قبضے کے معاملے پر عدالت میں ناظر کی رپورٹ جمع ہونے کے بعد انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختیار کار گلزارِ ہجری کی جانب سے قابضین کو سندھ پبلک پراپرٹی (ریموول آف انکروچمنٹ) ایکٹ 2010 کے تحت باضابطہ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹس میں متعدد افراد کو 3 روز کے اندر زمین واگزار کرنے اور 23 جون کو ملکیتی و اصل دستاویزات کے ساتھ مختیار کار کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ساتھ ہی حکم عدولی کی صورت میں قانونی کارروائی اور تجاوزات کے خاتمے کا واضح انتباہ بھی دیا گیا ہے۔
نوٹس کی کاپی ڈپٹی کمشنر ایسٹ کراچی، اسسٹنٹ کمشنر گلزارِ ہجری، اینٹی انکروچمنٹ فورس اور سچل پولیس کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔
کاروباری اور تعمیراتی حلقوں نے عدالتی رپورٹ کے بعد انتظامیہ کی کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد اور زمین کا فوری تحفظ یقینی بنایا جائے۔
شہری حلقوں نے بھی زور دیا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے تاکہ قانون کی عملداری قائم ہو سکے۔


