کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) عدالت نے غیر قانونی فارن ایکسچینج سرگرمیوں میں ملوث چینی شہری انتھونی ہو سیاو یواؤ کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ یہ بات فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ترجمان نے بتائی۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی میں فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947 اور دیگر متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ کارروائی خفیہ اطلاع موصول ہونے اور مکمل انکوائری کے بعد عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں غیر ملکی و مقامی کرنسی، انعامی بانڈز اور ڈیجیٹل آلات برآمد کیے گئے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم غیر ملکی کرنسی کے قانونی ذرائع اور مجاز اجازت نامہ پیش کرنے میں ناکام رہا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ صرف غیر ملکی کرنسی کی ملکیت کافی نہیں، بلکہ اس کے حصول کے قانونی ذرائع کی وضاحت بھی ضروری ہے۔ ریکارڈ کے مطابق تلاشی قانونی تقاضوں کے مطابق سرچ وارنٹ کے تحت کی گئی۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ معاشی جرائم ملک کے مالیاتی نظام پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں، اس لیے ایسے مقدمات میں رعایت دیتے وقت خصوصی احتیاط لازم ہے۔ عدالت کے مطابق ضبط شدہ الیکٹرانک آلات کی جانچ اور مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ملزم کی رہائی سے شواہد متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
تمام حقائق اور شواہد کی روشنی میں عدالت نے انتھونی ہو سیاو یواؤ کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ ایف آئی اے نے واضح کیا کہ غیر قانونی فارن ایکسچینج اور قومی معیشت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔


