کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق مختلف درخواستوں پر عدالت میں سماعت ہوئی، جس کے دوران عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 اگست تک جواب طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ گلستانِ جوہر سے لاپتہ شہری محمد ایوب 9 جون سے لاپتہ ہے۔ وکیل پرور چانڈیو ایڈووکیٹ کے مطابق پولیس اور سول لباس میں ملبوس اہلکار شہری کو گھر سے اپنے ہمراہ لے گئے، تاہم بعد ازاں متعلقہ تھانہ بھی لاپتہ شہری سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کر رہا۔
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس اہل خانہ کی بات سننے کو بھی تیار نہیں، جس کے باعث اہل خانہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔
اسی طرح سجاول سے لاپتہ شہری امام بخش خاصخیلی کے حوالے سے بھی عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ وکیل درخواست گزار کے مطابق نامعلوم اہلکار شہری کو گھر سے لے گئے تھے، مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے اب تک کوئی تسلی بخش جواب سامنے نہیں آیا۔
عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔


