حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ پولیس کی مارکیٹ پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران انسدادِ دہشتگردی اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب دو بدنامِ زمانہ منشیات ڈیلرز کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی ڈی آئی جی حیدرآباد رینج اور شہزیب چاچڑ کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔
خفیہ اطلاع پر چھاپہ، 4 کلو چرس برآمد
ایس ایچ او مارکیٹ انسپکٹر نیک محمد کھوسو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر کالی موری کے علاقے میں واقع ایک نجی شادی ہال کے قریب چھاپہ مارا، جہاں سے بدنامِ زمانہ منشیات ڈیلرز محمد ریحان قریشی اور خالد راجپوت کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا انکشاف
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان منشیات فروشی، مین پوری گٹکا کی سپلائی، پولیس پر حملوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث اور مطلوب تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان گزشتہ دنوں تھانہ پنیاری کی حدود میں درج انسدادِ دہشتگردی اور پولیس مقابلے کے مقدمات میں بھی مفرور تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے۔
قانونی کارروائی اور مزید تفتیش جاری
مارکیٹ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت کرائم نمبر 209/2026، دفعہ 9 (1) 3 (C) CNS کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس مزید تفتیش کے دوران ملزمان کے کرمنل ریکارڈ اور نیٹ ورک سے متعلق معلومات حاصل کر رہی ہے۔


