کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں راشن دلوانے کے بہانے ایک غریب خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے میں پولیس نے مرکزی ملزم سیف اللہ کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کے ساتھی عبدالرزاق کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے تھانے میں بیان دیا کہ اس نے ملزم سیف اللہ اور اس کے دوست عبدالرزاق کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔ مدعیہ کے مطابق سیف اللہ کی دکان بلدیہ ٹاؤن 24 مارکیٹ میں واقع ہے، جہاں ایک جاننے والی خاتون نسرین اسے لے کر گئی تھی۔ نسرین نے بتایا تھا کہ سیف اللہ اچھا آدمی ہے اور وہ راشن دلوا دے گا۔
مدعیہ کا کہنا ہے کہ سیف اللہ نے اپنے دوست عبدالرزاق کو بلایا اور اسے کار میں بٹھا دیا۔ بعد ازاں دونوں ملزمان اسے کار میں بٹھا کر ہاکس بے ڈیم کے کچے راستے پر لے گئے، جہاں عبدالرزاق نے مبینہ طور پر پستول نکال کر دھمکی دی اور زبردستی زیادتی کی۔ متاثرہ خاتون کے مطابق سیف اللہ نے بھی کار کے اندر اس سے زیادتی کی، جبکہ ملزمان نے نازیبا ویڈیوز بھی بنائیں۔
مدعیہ نے بتایا کہ واردات کے بعد ملزمان نے اسے دو ہزار روپے دیے اور حب ریور روڈ پر کار سے اتار کر فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق مرکزی ملزم سیف اللہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے، جبکہ دوسرے ملزم عبدالرزاق کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو قانونی اور طبی معاونت فراہم کی جا رہی ہے اور کیس کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی۔


