کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایس ایس پی کیماڑی کی ہدایات پر ضلع کیماڑی میں گٹکا سپلائرز اور فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں آج تھانہ سعید آباد پولیس نے گٹکا ماوا سپلائی اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف پانچ مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کیں۔
پولیس کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا مضرِ صحت انڈین گٹکا اور ماوا برآمد کر لیا گیا۔
پہلی کارروائی میں خفیہ اطلاع پر حب چوکی کی جانب سے آنے والی ایک کار سے 150 پیکٹ (16 ہزار 500 پڑیاں) انڈین گٹکا برآمد کیا گیا۔ مضرِ صحت گٹکا کی سپلائی میں ملوث عبدالرحمان ولد محمد کو گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 234/26 درج کیا گیا۔
دوسری کارروائی میں مشرف کالونی سے محمد کریم اور محمد قاسم نامی گٹکا فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 150 پڑیاں مضرِ صحت ماوا برآمد ہوئیں اور مقدمہ نمبر 238/26 درج کیا گیا۔
تیسری کارروائی میں سیکٹر 12 سعید آباد سے رانا دانش اور شیرافضل نامی ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے 10 کلو سے زائد مضرِ صحت ماوا برآمد کر کے مقدمہ نمبر 232/26 درج کیا گیا۔
چوتھی کارروائی میں سیکٹر 4E سے شاکر نامی ملزم کو مضرِ صحت گٹکا ماوا سمیت گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 233/26 درج کیا گیا۔
پانچویں کارروائی میں سیکٹر 4 سے معیز نامی گٹکا فروش کو دو تھیلے گٹکا ماوا سمیت گرفتار کر کے مقدمہ نمبر 235/26 کا اندراج کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مضرِ صحت اشیاء کی سپلائی اور فروخت کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔


