20

منشیات و گٹکا کے خلاف بڑی کارروائی، 190 پیکٹ گٹکا برآمد، ملزم فرار

شہید بینظیر آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایس ایس پی شہید بینظیر آباد سمیر نور چنہ کے احکامات پر منشیات، گٹکا مین پڑی اور دیگر مضرِ صحت اشیاء کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ باندھی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا گٹکا برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات ایس ایچ او تھانہ باندھی کی زیر نگرانی پولیس پارٹی نے ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک کار کو رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزم نے گاڑی روکنے کے بجائے کار چھوڑ کر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کار کی تلاشی لی تو گاڑی سے Z-21 برانڈ گٹکا سپاری کے 190 پیکٹ برآمد ہوئے، جو مختلف بوروں میں چھپا کر رکھے گئے تھے۔ پولیس نے گٹکے سمیت گاڑی کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

فرار ملزم کے خلاف تھانہ باندھی میں سندھ گٹکا مین پڑی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں جبکہ اس کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی سمیر نور چنہ نے تھانہ باندھی پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو تباہ کرنے والی مضرِ صحت اشیاء کے خلاف جنگ آخری دم تک جاری رہے گی۔ قانون کو چیلنج کرنے والوں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جبکہ فرار ملزم کو جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں