بہاولپور(ایچ آراین ڈبلیو)بہاولپور کے علاقے سمہ سٹہ میں تیزاب گردی کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم شخص نے رات کی تاریکی میں گھر میں داخل ہو کر 25 سالہ خاتون پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ بستی کچی واہ میں تھانہ سمہ سٹہ کی حدود میں پیش آیا۔ ملزم دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا اور سوئی ہوئی خاتون پر تیزاب پھینک کر موقع سے فرار ہو گیا۔
تیزاب گردی کے نتیجے میں متاثرہ خاتون کا تقریباً 40 فیصد جسم جھلس گیا۔ تیزاب سے خاتون کی دائیں ٹانگ، دایاں بازو، ماتھا اور سر کے بال شدید متاثر ہوئے ہیں۔
متاثرہ خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بہاول وکٹوریہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


